خراٹوں سے چھٹکارا پانے کے 5 آسان طریقے

انتظار فرمائیں۔۔۔

ایک اندازے کے مطابق 45 فیصد نوجوان سوتے ہوئے خراٹے لینے کی عادت میں مبتلا ہیں۔ یہ عادت جہاں ان کے ساتھ سونے والوں کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہے وہیں خود خراٹے لینے والوں کے لیے بھی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ کیوں کہ نیند میں خراٹے لینا خطرناک بیماری سلیپ اپنیا کی علامات میں سے بھی ایک ہے۔ اس لیے ان خراٹوں کو ہر گز نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اور جلد از جلد ان سے چھٹکارا پانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔ اس ضمن میں چند ایک تجاویز ذیل میں دی جارہی ہیں جن پر عمل کر کے خراٹوں سے جان چھڑا سکتے ہیں۔

کروٹ سے سوئیں
کمر کے بل سیدھا سونے سے آپ کی زبان اوپر کے تالو سے جا ملتی ہے۔ اس وجہ سے نیند کے دوران سانس لینے میں مشکل پیش آتی ہے جو نیند میں خراٹے لینے کا اہم سبب ہے۔ اس کا بہترین علاج کروٹ لے کر سونا ہے۔ اگر پھر بھی آپ سیدھا لیٹ کر ہی پرسکون نیند لینے پر مجبور ہیں تو پھر سر کو اونچا کرنے کے لیے اضافہ تکیہ استعمال کریں۔ تاکہ سر اونچا رہے اور زبان نیچے والے تالو سے ملی رہے۔

وزن کم کریں
جسم میں چربی کا اضافہ صرف آپ کے پیٹ ہی کو نہیں پھلاتا بلکہ دیگر حصوں مثلاً ہاتھ، بازو اور گلے کو بھی سوجاتا ہے۔ حلق میں ہونے والی اسی سوجن کے باعث لیٹ کر سانس لینے میں مشکل پیش آتی ہے اور یہ بھی خراٹوں کی وجہ بنتی ہے۔ اس لیے اپنے وزن کو کم کرنے کی کوشش کریں اور پرسکون نیند پائیں۔

نیند مکمل لیں
دن بھر کے تھکے ہارے جب بستر پر لیٹتے ہیں تو نیند انہیں فوراً اپنی آغوش میں لے لیتی ہے۔ پھر وہ ایسے سوتے ہیں کہ اپنا ہوش ہوتا ہے نہ دنیا کا۔ ایسے میں ان کے پٹھے بالکل ڈھیلے پڑجاتے ہیں جو خراٹوں کو باعث بنتے ہیں۔ ایسا اکثر ان لوگوں کے ساتھ ہوتا ہے جو نیند کے درمیان زیادہ دیر جاگتے ہیں یا پھر کسی وجہ سے نیند پوری نہیں کرپاتے۔ اس لیے کوشش کریں کہ پرسکون اور مکمل نیند لیں۔

صفائی کا خیال رکھیں
عام طور پر بستر اور تکیہ پر دھول مٹی آجاتی ہے جسے صاف کرنے کی ضرورت گوارا نہیں کی جاتی۔ یہ ھول اور مٹی نتھنوں میں جا کر الرجی کا باعث بنتی ہے اور پھر نزلہ زکام جیسی بیماریوں کے علاوہ خراٹوں کا مسئلہ بھی سر اٹھاتا ہے۔ اس لیے کوشش کریں کہ کمرے کو دھول مٹی سے پاک رکھیں اور بستر کی چادر اور تکیے کے غلاف کو ہر تھوڑے دن بعد دھو لیا کریں۔ پنکھے پر جمی مٹی کو ہر گز نظر انداز نہ کریں کیوں کہ اس سے پنکھے کی ہوا بھی آلودہ ہوسکتی ہے۔

کھانے بروقت کھائیں
رات میں ہلکا پھلکا کھانا آپ کو خراٹوں سے چھٹکارا پانے میں مدد دے سکتا ہے۔ کوشش کریں کہ معدے پر بھاری پڑنے والی چیزوں سے اجتناب کریں اور سونے کے وقت سے چند گھنٹے پہلے کھانا کھالیں۔ اس سے نہ صرف آپ پرسکون اور مکمل نیند لے سکیں گے بلکہ صبح بیدار ہونے پر بھی خود کو چست و توانا محسوس کریں گے۔

loading ads...

Facebook Comments



POST A COMMENT.