پاکستانیوں نے سب سے زیادہ کسے گوگل کیا؟

انتظار فرمائیں۔۔۔

سال 2016ء مکمل ہونے کو ہے اور سب گزرے ہوئے سال کے جائزے میں مصروف ہیں۔ انفرادی سطح پر بھی کہ ہم نے اس سال میں کیا کھویا اور کیا پایا اور ساتھ ہی اجتماعی سطح پر بھی۔ دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن "گوگل" نے بھی گزرے ہوئے سال پر ایک نظر ڈالی ہے کہ آخر دنیا بھر میں کہاں سب سے زیادہ کیا سرچ کیا گیا ہے؟ پاکستان کے بارے میں رپورٹ کو دیکھتے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ یہاں کرکٹ اور کھیل سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔ ٹاپ 10 میں سے 7 تلاش کردہ چیزیں اصل میں کھیل سے متعلق ہیں جن میں کرکٹ سب سے نمایاں ہے۔

پاکستانیوں نے سال 2016ء میں سب سے زیادہ "کرکٹ اسکور" کو سرچ کیا۔ پاکستان کے لیے یہ سال اس لیے بھی اہم رہا کیونکہ یہ پاکستان کی اپنی لیگ "پی ایس ایل" کا پہلا سال بھی تھا۔ پی ایس ایل سیزن 1 پاکستان کے لیے سال کا سب سے بڑا ایونٹ رہا یہاں تک کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی اتنا نہيں دیکھا گیا جتنا کہ پی ایس ایل میں عوام نے دلچسپی لی۔ اس کا اظہار گوگل سرچ سے بھی ہوتا ہے یہاں "پی ایس ایل شیڈول" سب سے زیادہ سرچ کی گئی چیزوں میں دوسرے نمبر پر رہا۔

براہ راست اسکور جاننے کے علاوہ کرکٹ میچ دیکھنا بھی شائقین کے لیے بہت اہم ہے۔ پی ٹی وی اسپورٹس ملک کا سب سے بڑا چینل ہے اس لیے "پی ٹی وی اسپورٹس لائیو" تیسرا سب سے زیادہ تلاش کیا گیا لفظ رہا۔

کھیلوں کی دنیا سے پاکستانیوں کا تعلق کتنا گہرا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یورو 2016ء سال بھر میں تلاش میں چوتھے نمبر پر رہا۔ اس کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کی یادگار سیریز رہی یعنی ٹاپ 5 تمام سرچ کھیلوں ہی سے متعلق رہیں۔

اس سال ایپل نے اپنا آئی فون 7 بھی جاری کیا جس کے بارے میں جاننے کے خواہشمندوں کی اتنی بڑی تعداد رہی کہ آئی فون 7 پاکستان میں سرچ میں چھٹے نمبر پر دکھائی دیا۔ بھارتی پروگرام "بگ باس 9" ساتویں، "ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ شیڈول" آٹھویں، بھارتی فلم "سلطان" نویں اور "اولمپک گیمز ریو 2016ء" دسویں نمبر پر رہے۔

اگر ہم شخصیات کے لحاظ سے دیکھیں تو پاکستان میں سال 2016ء میں سب سے زیادہ قندیل بلوچ کو سرچ کیا گیا، جو اس سال اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں۔ کراچی میں قتل ہونے والے مشہور قوال امجد صابری دوسرے جبکہ رواں سال انتقال کر جانے والی معروف انسان دوست شخصیت عبد الستار ایدھی چوتھے نمبر پر رہے۔

2016ء امریکا میں انتخابات کا سال تھا اور اس کے بخار نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لیے رکھا۔ پاکستان میں سب سے زیادہ گوگل سرچ کی گئی شخصیات میں امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ چوتھے نمبر پر رہے۔ پانچویں نمبر پر کوک اسٹوڈیو سیزن 9 کے ذریعے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی گلوکارہ مومنہ مستحسن کا نام رہا۔

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو قتل کرنے والے گارڈ ممتاز قادری کو رواں سال فروری میں سزائے موت دی گئی۔ وہ سال بھر میں سب سے زیادہ سرچ کی گئی شخصیات میں چھٹے نمبر پر رہے۔

صرف 24 سال کی عمر میں خودکشی کرنے والی بھارتی اداکارہ پرتیوشا بینرجی ساتویں، امریکی صدارتی انتخابات میں شکست کھانے والی ہلیری کلنٹن آٹھویں، ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ اور اگلی امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نویں جبکہ ویسٹ انڈیز کے مشہور کرکٹ آل راؤنڈر ڈیوین براوو سب سے زيادہ سرچ کی گئی شخصیات میں دسویں نمبر پر رہے۔

اگر ہم پاکستان سے ہٹ کر دنیا بھر میں دیکھیں تو گوگل سرچ میں مشہور گیم "پوکیمون گو" پہلے نمبر پر رہا۔ عالمی خبروں میں سرفہرست مقام امریکی صدارتی انتخابات نے حاصل کیا جبکہ اولمپکس دوسرے اور بریگزٹ تیسرے نمبر پر رہا۔ شخصیات میں ڈونلڈ ٹرمپ، ہلیری کلنٹن اور امریکی تیراک مائیکل فیلپس سب سے آگے رہے۔ کھیلوں میں ریو اولمپکس، ورلڈ سیریز اور ٹور ڈی فرانس پیش پیش دکھائی دیے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ ساتویں نمبر پر رہا۔

سال کا ایک مختصر سا جائزہ گوگل سرچ کی اس وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے:

loading ads...

Facebook Comments



POST A COMMENT.