بچے ہوئے کھانے کو کس طرح محفوظ بنائیں؟

اکثر خواتین بچی ہوئی خوراک کو محفوظ رکھنے اور اسے دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کے حوالے سے فکر مند رہتی ہیں، لیکن ذرا سی احتیاط اور عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچی ہوئی غذا کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ ذیل میں بچی ہوئی خوراک کو محفوظ رکھنے کے چند طریقے بتائے جا رہے ہیں۔

٭ فریج میں رکھنے سے پہلے بچے ہوئے کھانے کو کسی کھلے برتن میں ڈال کر ٹھنڈا کر لیں، کیونکہ فریج میں رکھنے سے بھاپ نکلنے کا عمل رک جاتا ہے اور اس کا اثر فریج کی کارکردگی پر بھی پڑتا ہے اور یوں فریج بجلی بھی زیادہ صَرف کرتا ہے۔

٭ فریج میں بچا ہوا کھانا رکھنے سے پہلے اسے تھوڑی دیر کے لیے ایک جانب رکھ دیں، تاکہ وہ پوری طرح ٹھنڈا ہو جائے۔

٭ بچی ہوئی غذا کو زیادہ دیر باہر نہ رہنے دیں اور اسے جلد از جلد ٹھنڈا کرنے کی کوشش کریں۔ اصول یہ ہے کہ بچا ہوا کھانا 90منٹ کے اندر ٹھنڈا کر لیا جائے، تاکہ بیکٹیریا کی بہتات سے محفوظ رہے۔

٭ کھانا محفوظ کرنے کے لیے ہمیشہ صاف ستھرے برتنوں کا انتخاب کریں اور نئے اور مضبوط پلاسٹک بیگ اس مقصد کے لیے استعمال کریں۔

٭ بچے ہوئے مختلف کھانوں کو الگ الگ محفوظ کریں۔

٭ شوربے والے کھانوں کو فریج میں رکھنے سے پہلے اتنی اچھی طرح گرم کریں کہ شوربے میں ابال آجائے۔ پھر انہیں ٹھنڈا کریں اور فریج میں رکھ دیں۔

٭ اسی طرح جب ٹھوس کھانوں کو گرم کریں، تو اس بات کا اطمینان کر لیں کہ یہ اندر تک گرم ہو جائیں اور دوبارہ گرم کرنے کے لیے بھی یہی اصول اپنائیں۔

٭ بچے ہوئے کھانے کو نکال کر دوبارہ جلد ہی فریج میں رکھ دیں، لیکن فریزر سے نکالے گئے کھانے کو دوبارہ فریزر میں رکھنے کے بہ جائے پورا استعمال کر لیں۔

Facebook Comments



POST A COMMENT.